کراچی کےعلاقے گلبرگ میں گھر سے میاں بیوی کی لاشیں برآمد

گلبرگ رحمان آباد بلاک 5 کے ایک گھر سے خاتون کی گلا کٹی لاش اور مرد کی پھندا لگی لاش برآمد ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق واقعہ بظاہر قتل اور خودکشی کا معاملہ لگتا ہے تاہم ہر پہلو سے تفتیش جاری ہے۔پولیس حکام کے مطابق مذکورہ مرد و خاتون میاں بیوی ہیں۔ مقتولہ کی شناخت 30 سالہ یاسمین جبکہ مرد کی شناخت 35 سالہ خدابخش کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعے کے بعد دونوں لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس کا ابتدائی اندازہ ہے کہ مبینہ طور پر شوہر نے پہلے بیوی کو قتل کیا اور بعد ازاں خودکشی کی، تاہم پوسٹ مارٹم، فرانزک اور مزید تحقیقات کے بعد حقائق واضح ہوں گے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کے پس منظر اور محرکات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔