شہرِ قائد میں پولیس اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان ایک اور مبینہ مقابلہ پیش آیا۔ خواجہ اجمیر نگری کے علاقے میں ہونے والے فائرنگ کے تبادلے کے بعد پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق مقابلے کے دوران ایک ملزم زخمی ہوا جبکہ دوسرا ملزم بغیر زخمی ہوئے حراست میں لے لیا گیا۔ گرفتار کیے گئے ملزمان کی شناخت اویس اور وقار کے ناموں سے کی گئی ہے۔پولیس کے مطابق دونوں ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، نقد رقم اور ایک موٹر سائیکل برآمد کی گئی ہے جو مبینہ طور پر مختلف وارداتوں میں استعمال ہوتی رہی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مار رہی ہے۔






