سندھ ٹریفک پولیس نے ای چالان جرمانوں کی بروقت ادائیگی کی حوصلہ افزائی کے لیے بڑے پیمانے پر رعایت کا اعلان کردیا ہے۔تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیر صدارت فیس لیس ای ٹکٹنگ سسٹم اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ صوبے بھر میں نئے ٹریفک قوانین اور جرمانوں کا یکساں نفاذ کیا گیا ہے اور خلاف ورزیوں پر سختی کے ساتھ عملدرآمد کرایا جائے گا۔آئی جی سندھ نے بتایا کہ 50 اقسام کی خلاف ورزیوں پر 5 ہزار روپے تک جرمانہ مقرر ہے، تاہم اگر اسے 14 دن کے اندر ادا کیا جائے تو 50 فیصد رعایت ملے گی، جس کے بعد جرمانے کی رقم 2 سے ڈھائی ہزار روپے کے درمیان ہوگی۔ جبکہ تنبیہ کے باوجود ادائیگی نہ کرنے کی صورت میں جرمانہ بتدریج بڑھ جائے گا۔ڈی آئی جی ٹریفک کے مطابق اس وقت 59 خلاف ورزیاں مانیٹر ہو رہی ہیں جبکہ 9 سنگین خلاف ورزیاں جن میں کم عمر ڈرائیونگ، ون ویلنگ، ون وے کی خلاف ورزی اور اوور ٹیکنگ شامل ہیں، ان پر 5 ہزار روپے سے زائد جرمانہ مقرر کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے کراچی کے 11 مقامات پر ٹریفک شکایات کے ازالے کے لیے سہولت سینٹرز قائم کیے گئے ہیں، جبکہ شکایت کے ازالے کا عمل جرمانے کی رعایتی مدت میں شامل نہیں کیا جائے گا۔






