کورنگی ویٹا چورنگی کے قریب موٹر سائیکل ٹریلر سے ٹکرا گئی،ایک جاں بحق

کورنگی انڈسٹریل ایریا کے علاقے ویٹا چورنگی کے قریب موٹر سائیکل ٹریلر سے ٹکرا جانے کے نتیجے میں تین حقیقی بھائیوں میں سے ایک جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا، تیسرا بھائی معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔حادثہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب اس وقت پیش آیا جب موٹرسائیکل نمبر KNT-3977 سڑک کنارے کھڑے ٹریلر نمبر TLS-178 سے جا ٹکرائی۔ حادثے میں 30 سالہ عابد موقع پر دم توڑ گیا جبکہ اس کا چھوٹا بھائی 26 سالہ صابر زخمی ہوگیا، دونوں کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔متاثرین کے بھائی ذاکر حسین کے مطابق تینوں بھائی مہران ٹاؤن سیکٹر اے میں رہائش پذیر اور قریبی گارمنٹس فیکٹری میں ملازم تھے۔ رات ڈیڑھ بجے نائٹ شفٹ کے خاتمے کے بعد عابد اور صابر موٹرسائیکل پر ذاکر کو لینے فیکٹری پہنچے، واپسی پر پیچھے سے موٹرسائیکل پر سوار تین افراد آئے جن میں سے ایک نے کہا کہ ’’ہم تھانے سے آرہے ہیں اور تمہیں مارنے آئے ہیں‘‘ جس پر صابر نے خوفزدہ ہوکر موٹرسائیکل کی رفتار بڑھائی اور تیز رفتاری کے باعث وہ سڑک کنارے کھڑے ٹریلر سے ٹکراگئے۔حادثے کے وقت موٹرسائیکل سے نیچے گرنے کے باعث ذاکر محفوظ رہا جبکہ دیگر دو بھائی حادثے کا شکار ہوگئے۔ واقعے کے بعد پیچھا کرنے والے تینوں موٹرسائیکل سوار فرار ہوگئے۔پولیس کے مطابق واقعہ بظاہر حادثہ ہے، ورثا نے مقدمہ درج کرانے سے انکار کردیا ہے۔ متوفی کی لاش تدفین کے لئے ڈیرہ مراد جمالی منتقل کی جائے گی۔