شہر قائد میں شدید گرمی اور حبس کے بعد بادل برسنے سے گرمی کی شدت میں کمی آگئی

شہر قائد میں شدید گرمی اور حبس کے بعد آخرکار بادل برس پڑے، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا اور گرمی کی شدت میں کمی آگئی۔ تفصیلات کے مطابق مشرقی اور شمال مشرقی سمت سے مون سون ہوائیں کراچی میں داخل ہو رہی ہیں، جن کے باعث مضافاتی علاقوں میں ہلکی اور درمیانی بارش ریکارڈ کی گئی۔ ایئرپورٹ، لانڈھی، قائدآباد، کورنگی اور موسمیات کے اطراف بھی بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر میں موسم گرم و مرطوب رہنے کے ساتھ ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے، جبکہ منگل کو وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے۔ بدھ کے روز مطلع زیادہ تر ابرآلود رہنے کا امکان ہے اور بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔ تین روز کے دوران درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ سکتا ہے، صبح کے وقت نمی کا تناسب 85 فیصد جبکہ شام کو 65 فیصد تک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ دن کے بیشتر حصے میں شمال مشرقی ہوائیں چلیں گی۔ دیہی سندھ کے مختلف اضلاع میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ موسلادھار بارش، آندھی اور آسمانی بجلی سے روزمرہ زندگی متاثر ہو سکتی ہے۔ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی موجود ہے۔ مزید برآں، پیش گوئی کی مدت کے دوران کمزور ڈھانچے مثلاً کچے مکانات، بجلی کے کھمبے، بل بورڈز، گاڑیاں اور سولر پینل وغیرہ متاثر ہو سکتے ہیں، اس لیے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔