کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے غیر قانونی تجاوزات کے خلاف کارروائی کے تحت سیل کیے گئے ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کی فہرست جاری کر دی۔کمشنر کے مطابق متعدد ہوٹلز، کیفے اور ریسٹورنٹس نے اپنی حدود سے تجاوز کرتے ہوئے سڑکوں اور پبلک ایریاز تک قبضہ کر رکھا تھا، جس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اب تک 219 ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور کیفے سیل کیے جا چکے ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق جنوبی میں 32، شرقی میں 33، کیماڑی میں 5 جبکہ ضلع وسطی میں 61 ہوٹلز اور ریسٹورنٹس سیل کیے گئے۔ اسی طرح کورنگی، ویسٹ اور دیگر اضلاع میں بھی مجموعی طور پر 61 ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کے خلاف کارروائی کی گئی۔چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی شہر کی سڑکوں، راستوں اور پبلک اسپیسز کو شہریوں کیلئے واپس حاصل کرنے، ٹریفک روانی بہتر بنانے اور شہری ماحول کی بہتری کے لیے کی جارہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پبلک پراپرٹی کو کاروباری سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن جاری رہے گا۔






