نیو کراچی کے علاقے سیکٹر 5-G میں خضراء مسجد کے قریب ایک گھر سے 27 سالہ نوجوان کی لاش برآمد ہوئی ہے، جسے مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق، متوفی کی شناخت محمد حسین کے نام سے ہوئی ہے، جو اپنے چھوٹے بھائی سلمان کے ساتھ کرائے کے مکان میں مقیم تھا۔ حسین پان کا ٹھیہ لگاتا تھا اور غیر شادی شدہ تھا۔ چھوٹے بھائی سلمان نے پولیس کو بتایا کہ صبح جب وہ کام پر گیا تو حسین سو رہا تھا، لیکن شام کو واپسی پر اُس کی لاش کمرے میں پڑی ملی۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی معائنے سے بظاہر یہ قتل کا کیس معلوم ہوتا ہے، اور متوفی پر تشدد کے نشانات بھی دیکھے گئے ہیں، تاہم موت کی حتمی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی سامنے آئے گی۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے، اور پولیس مقتول کے قریبی حلقوں اور رشتہ داروں سے بھی معلومات حاصل کر رہی ہے تاکہ اصل حقائق سامنے لائے جا سکیں۔






