مکران کوسٹل ہائی وے پر خوفناک حادثہ، کوچ اور ایل پی جی ٹرک میں تصادم سے 7 افراد جھلس کر جاں بحق

مکران کوسٹل ہائی وے پر آج جمعرات کی صبح ایک افسوسناک اور ہولناک حادثہ پیش آیا، جہاں ایک کوچ اور ایل پی جی گیس کے ٹرک کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں سات افراد جھلس کر جاں بحق ہو گئے۔ایدھی حکام کے مطابق حادثہ صبح تقریباً 8 بجے کے قریب پیش آیا جس کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ تصادم کے بعد دونوں گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے سب کچھ لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ لاشوں کو نکالنے میں رات ہو گئی۔جاں بحق ہونے والوں کی لاشیں حب کے راستے سے سہراب گوٹھ سردخانے منتقل کر دی گئیں۔ جاں بحق افراد میں دو سگے بھائی شزادہ اور سعید انور اور ان کا بھتیجا انعام اللہ شامل ہیں جن کا تعلق وزیرستان کے علاقے ٹانک سے بتایا جا رہا ہے۔ ورثا کا کہنا ہے کہ یہ خاندان کراچی اپنی روزمرہ کی معاشی سرگرمیوں کے لیے سفر کر رہا تھا کہ راستے میں یہ المناک حادثہ پیش آگیا۔حادثے میں جاں بحق مزید چار افراد کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی، متعلقہ حکام نے ان کی شناخت کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔