سپر ہائی وے بس ٹرمنل کے قریب ایک ٹریلر کی ٹکر سے رکشہ ڈرائیور جاں بحق

 شہر قائد کے سپر ہائی وے ایریا میں ایک تیز رفتار ٹریلر نے سواری کے انتظار میں کھڑے رکشے کو کچل دیا جس سے رکشہ ڈرائیور جاں بحق ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق سپر ہائی وے بس ٹرمنل کے قریب ایک ٹریلر کی ٹکر سے رکشہ ڈرائیور جاں بحق ہو گیا، رکشہ پنجاب بس اڈہ کے قریب سواری کے انتظار میں کھڑا تھا۔ اس افسوس ناک حادثے میں رکشہ ڈرائیور موقع ہی پر جاں بحق ہو گیا تھا، پولیس نے ٹریلر ضبط کر لیا، اور ٹریلر ڈرائیور کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے، جس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، مقدمہ قتل خطا اور غفلت سے ڈرائیونگ کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ رکشہ ڈرائیور کی لاش ورثا کے سپرد کر دی گئی ہے، متوفی رکشہ ڈرائیور کی شناخت قطب الدین کے نام سے ہوئی ہے، متوفی بس اڈے کے قریب سڑک کنارے سواری کے انتظار میں تھا کہ تیز رفتار ٹریلر آ کر چڑھ دوڑا۔