دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر کیبل فالٹ، کراچی کے مختلف علاقوں میں پانی کی سپلائی متاثر

دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر کیبل فالٹ کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر ہوگئی، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔تفصیلات کے مطابق دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے تین پمپ کیبل فالٹ کے باعث بند ہو گئے، جس سے کراچی کو 54 ملین گیلن پانی کی فراہمی معطل ہوئی ہے۔کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق کے الیکٹرک نے یقین دہانی کروائی ہے کہ کیبل فالٹ کو اگلے 18 گھنٹوں میں دور کر دیا جائے گا۔ دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک نے اسٹیشن پر بجلی بریک ڈاؤن کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ دھابیجی پر 22 میں سے 19 پوائنٹس پر بجلی کی سپلائی مسلسل جاری ہے، صرف زیرِ زمین کیبل فالٹ کے باعث 3 پمپنگ موٹرز پر بجلی معطل ہوئی۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی حب کینال کی مرمت کے دوران کراچی میں دو روز کے لیے پانی کی سپلائی متاثر رہی تھی۔ اس دوران ویسٹ، سینٹرل اور کیماڑی اضلاع پانی کی بندش سے براہ راست متاثر ہوئے تھے۔واٹر کارپوریشن حکام کا کہنا ہے کہ جاری مرمت، لیکیج کنٹرول اور ٹیکنیکل مینٹیننس کے اقدامات بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور مستقبل کی مستحکم سپلائی کے لیے ضروری ہیں، شہری پانی کا استعمال احتیاط کے ساتھ کریں۔