اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عوام کو سہولت کے لیے بڑی اسکیم متعارف کرادی

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عوام کو سہولت فراہم کرنے اور الیکٹرک وہیکلز کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے بڑی اسکیم متعارف کرادی ہے، جس کے تحت الیکٹرک موٹرسائیکل، رکشے اور لوڈرز آسان قرضوں پر فراہم کیے جائیں گے۔اسٹیٹ بینک حکام کے مطابق اسکیم کے تحت مجموعی طور پر 1 لاکھ 16 ہزار الیکٹرک بائیکس، 3170 رکشے اور لوڈرز دو مرحلوں میں فراہم کیے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں 40 ہزار ای بائیکس اور ایک ہزار رکشے و لوڈرز دیے جائیں گے، جبکہ دوسرے مرحلے میں 76 ہزار ای بائیکس اور 2171 رکشے و لوڈرز فراہم کیے جائیں گے۔اسکیم کے تحت ای بائیکس کے لیے 2 لاکھ روپے تک کا قرض اور الیکٹرک رکشے و لوڈرز کے لیے 8 لاکھ 80 ہزار روپے تک کا قرض دیا جائے گا۔ ای بائیکس کا قرض 2 سال اور ای رکشے کا قرض 3 سال کے لیے ہوگا۔ مرکزی بینک کے مطابق قرض کی پرائسنگ اسلامی اور روایتی دونوں بینکوں میں کائیبور پلس 2.75 فیصد پر ہوگی، تاہم صارفین کو یہ قرض صفر فیصد مارک اپ پر فراہم کیا جائے گا۔حکام کا کہنا ہے کہ اس اسکیم کے تحت 25 فیصد ای بائیکس خواتین کو، 10 فیصد کاروبار اور کوریئر سروسز کو جبکہ 30 فیصد رکشے اور لوڈرز فلیٹ آپریٹرز کو فراہم کیے جائیں گے۔یہ اسکیم نہ صرف شہریوں کے لیے سفری سہولت میں آسانی پیدا کرے گی بلکہ ماحول دوست الیکٹرک وہیکلز کے استعمال کو بھی فروغ دے گی۔