کراچی میں ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریک اینڈ ٹریک سسٹم کے تحت کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ 14 روز کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر شہریوں کو 48 ہزار 211 ای چالان جاری کیے گئے جبکہ ساڑھے چار ہزار شہریوں نے معافی کے لیے رجوع کیا ہے۔ ٹریفک پولیس کراچی نے 27 اکتوبر سے 9 نومبر تک مختلف خلاف ورزیوں پر مجموعی طور پر 48 ہزار 211 الیکٹرانک چالان جاری کیے۔ اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ 31 ہزار 555 چالان سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر جاری کیے گئے، ہیلمٹ نہ پہننے پر 8 ہزار 431، اوور اسپیڈنگ پر 2 ہزار 304، سگنل توڑنے پر 2 ہزار 9 اور ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال کرنے پر 1 ہزار 263 چالان جاری ہوئے۔ اس کے علاوہ کالے شیشے لگانے پر 670، فینسی نمبر پلیٹس پر 585، رانگ وے پر 556 اور مسافروں کو چھت پر بٹھانے پر 368 چالان کیے گئے۔نو پارکنگ پر 250، اسٹاپ لائن کی خلاف ورزی پر 233، بے جا لوڈ اور اوورلوڈنگ پر 132، لین لائن کے غلط استعمال پر 65 جبکہ ون وے کی خلاف ورزی پر 58 ای چالان جاری کیے گئے۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ٹیکس کی عدم ادائیگی پر تاحال کوئی ای چالان جاری نہیں کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق گزشتہ 14 روز کے دوران پہلا ای چالان موصول ہونے پر 4800 شہریوں نے ٹریفک پولیس کے سہولت گھروں کا رخ کیا جن میں سے 90 فیصد سے زائد شہریوں کے چالان معاف کر دیے گئے، جبکہ باقی ای چالان شہریوں کی جانب سے چیلنج کیے جانے پر خصوصی کمیٹی کو ارسال کر دیے گئے ہیں، جو ان ای چالانز سے متعلق فیصلہ کرے گی۔






