میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے عباسی شہید اسپتال میں پاکستان کا پہلا خواتین کے لیے مختص ہیموفیلیا وارڈ افتتاح کردیا۔افتتاحی تقریب میں ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، سٹی کونسل کے اراکین، سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز، ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف بھی موجود تھے۔میئر کراچی نے اس موقع پر کہا کہ نئے وارڈ میں خواتین مریضوں کے لیے علیحدہ کمرے اور بستر فراہم کیے گئے ہیں، جہاں علاج کے دوران ان کی پرائیویسی اور سہولت کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وارڈ میں ہیموفیلیا اسپیشلسٹ ڈاکٹرز اور تربیت یافتہ نرسز تعینات ہوں گی جبکہ خون کے جمنے کی ادویات اور جدید طبی سہولیات بھی دستیاب ہوں گی۔مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ علاج کے لیے داخل مریضوں اور ان کے کیریئرز کو خصوصی آگاہی فراہم کی جائے گی۔ ان کے مطابق ہیموفیلیا صرف مردوں کا مرض نہیں بلکہ خواتین بھی اس سے متاثر ہوسکتی ہیں، اس لیے ان کے لیے علیحدہ وارڈ قائم کرنا وقت کی ضرورت تھی۔انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی کی صورت میں خواتین مریضوں کا فوری علاج ممکن ہوگا اور اس وارڈ کے قیام سے کراچی سمیت ملک بھر کی خواتین مریضوں کو بڑی سہولت ملے گی۔میئر کراچی نے ہیموفیلیا وارڈ کو خواتین مریضوں کے لیے “امید کی کرن” قرار دیا۔





