کراچی عزیز آباد میں موبائل شاپ پر فائرنگ، دکاندار جاں بحق

شہرِ قائد کے علاقے عزیز آباد بلاک 3 صدیق آباد میں موبائل شاپ پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔چھیپا حکام کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب مقتول حسن علی بانٹوا اپنی دکان پر موجود تھا۔ فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والے حسن علی کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ایس ایس پی سینٹرل ذیشان صدیقی کے مطابق فائرنگ موٹر سائیکل پر سوار تین ملزمان نے کی، جو واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ابتدائی تحقیقات میں شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ واقعہ ذاتی رنجش کا نتیجہ ہو سکتا ہے اور مقتول کو ٹارگٹ کر کے قتل کیا گیا ہے۔پولیس نے جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے تین خول برآمد کر لیے ہیں، جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد حاصل کرنے کے لیے تفتیش جاری ہے۔