گڈاپ ٹاؤن کونکر ندی حادثہ، مزید 3 لاشیں مل گئیں، جاں بحق افراد کی تعداد 7 ہوگئی

کراچی کے علاقے گڈاپ ٹاؤن کونکر ندی میں ڈوب کر لاپتہ ہونے والے بچے سمیت مزید 3 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں، جس کے بعد حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 7 ہوگئی۔ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان کے مطابق تین روز سے جاری سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جمعے کو مکمل کرلیا گیا۔ آپریشن کے دوران 8 سالہ کیلاش ولد راجہ، 45 سالہ اقبال علی ولد سبز علی اور 36 سالہ افضل ولد اعزاز علی کی لاشیں ندی سے برآمد ہوئیں۔ تمام لاشوں کو سہراب گوٹھ کے ایدھی سرد خانے منتقل کردیا گیا۔حادثے میں جاں بحق ہونے والے 7 افراد میں سے 4 کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا، جن میں 70 سالہ گلاب، اس کی اہلیہ 60 سالہ نابو، بیٹا 40 سالہ راجہ ولد گلاب اور 8 سالہ پوتا کیلاش شامل ہیں۔ ترجمان کے مطابق یہ تمام افراد ایک ہائی روف گاڑی میں سوار تھے جو طغیانی کے باعث ندی میں بہہ گئی۔جاں بحق ہونے والا 45 سالہ اقبال ہائی روف کا ڈرائیور تھا جبکہ 36 سالہ افضل بقائی ٹول پلازہ اسپتال میں سیکیورٹی گارڈ تھا۔ حادثے کے وقت افضل رکشے سے اتر کر موٹرسائیکل سوار جاوید شاہ سے لفٹ لے رہا تھا کہ دونوں ندی میں بہہ گئے۔ بعد ازاں ان کی لاشیں بھی ریسکیو ٹیموں نے برآمد کر لیں۔یاد رہے کہ منگل کو شہر میں موسلا دھار بارش کے دوران کونکر ندی میں پانی کے تیز بہاؤ سے ایک رکشہ اور دو گاڑیاں بہہ گئی تھیں، جن میں سوار 7 افراد لاپتہ ہوگئے تھے۔