کراچی کے علاقے ڈیفنس میں فلیٹ سے 17 سالہ لڑکی کی پھندا لگی لاش برآمد

شہرِ قائد کے علاقے ڈیفنس فیز 5 میں بدر کمرشل اسٹریٹ 7 اے کے ایک فلیٹ سے کم عمر لڑکی کی پھندا لگی لاش ملنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ چھیپا کے مطابق 17 سالہ زینب کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ایس ایچ او درخشاں شاہد تاج نے بتایا کہ ابتدائی مشاہدے کے مطابق واقعہ خودکشی کا شبہ ظاہر کرتا ہے، تاہم پولیس ہر زاویے سے تفتیش کر رہی ہے اور متوفیہ کے اہل خانہ سے بھی مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔ جائے وقوعہ کا مکمل معائنہ کیا جا چکا ہے تاکہ حقائق کو سامنے لایا جا سکے۔پولیس کے مطابق زینب کا تعلق سیالکوٹ سے تھا اور اس کی شادی کو ایک سال ہوا تھا۔ چند روز قبل وہ اپنے شوہر کی خالہ کے گھر آئی تھی جو عمارت کی چوتھی منزل پر واقع ہے، جبکہ اس کی لاش اسی عمارت کی چھت پر فرش پر پائی گئی اور اس کے گلے میں دوپٹے کا پھندا بندھا ہوا تھا۔ واقعے کے وقت اس کا شوہر، جو قانون نافذ کرنے والے ادارے میں ملازم ہے، گھر پر موجود نہیں تھا۔پولیس نے متوفیہ کے شوہر کی خالہ اور کزن کے بیانات ریکارڈ کر لیے ہیں، جبکہ مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ تفتیش مکمل ہونے تک کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچا جا سکتا۔