شہر قائد کے علاقوں قائد آباد اور زمان ٹاؤن میں پولیس اور ملزمان کے درمیان الگ الگ مبینہ مقابلوں کے دوران دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے۔ پولیس نے دونوں واقعات سے اسلحہ اور لوٹا ہوا سامان بھی برآمد کرلیا۔ پہلا مقابلہ قائدآباد کے علاقے میں احسن آباد گراؤنڈ کے قریب پیش آیا، جہاں پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک زخمی ڈاکو کو گرفتار کیا گیا۔ چھیپا کے مطابق ملزم کو زخمی حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی شناخت خالد کے نام سے ہوئی۔ پولیس نے موقع سے اسلحہ اور لوٹا ہوا سامان تحویل میں لے لیا۔ دوسرا مقابلہ کورنگی کے علاقے زمان ٹاؤن میں ناصر جمپ کے قریب ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے کے بعد پولیس نے ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسپتال منتقل کردیا۔ حکام کے مطابق اس کے قبضے سے بھی اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں واقعات کی مزید تفتیش جاری ہے۔






