کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، چار زخمی ڈاکو گرفتار

کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس اور ملزمان کے درمیان ہونے والے الگ الگ مقابلوں کے دوران چار زخمی ڈاکو گرفتار کر لیے گئے، جبکہ ان کے دو ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ شہر میں بڑھتی اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کے تناظر میں پولیس کی جانب سے کارروائیوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔لیاری کے علاقے مرزا آدم خان روڈ دھوبی گھاٹ کے قریب پولیس مقابلے کے نتیجے میں دو ڈاکو 47 سالہ کامران ولد غلام صمدانی اور 35 سالہ عابد ولد خان محمد زخمی حالت میں پکڑے گئے، جنہیں چھیپا رضاکاروں نے فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے اور علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے کے بعد فرار کی کوشش کر رہے تھے۔اسی نوعیت کا ایک اور واقعہ گارڈن تھانے کی حدود میں پیش آیا، جہاں لیاری مرزا آدم خان روڈ جھنڈا چوک کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں مزید دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہوئے، تاہم ان کے دو ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔پولیس کے مطابق گرفتار ڈاکوؤں کی شناخت عابد عرف ٹڈی دل اور کامران عرف کامی کے ناموں سے کی گئی ہے، جو شہر میں لوٹ مار، موبائل فون چھیننے اور موٹر سائیکل چوری سمیت دیگر جرائم میں مطلوب تھے۔ پولیس نے موقع سے نائن ایم ایم پستول، ٹی ٹی پستول، موبائل فون، نقدی اور چھینی گئی موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی ہے، جبکہ گرفتار ملزمان سے مزید اہم انکشافات کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔