محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق مون سون سسٹم کی کمزور ہوائیں کل سے سندھ کے جنوب مشرقی علاقوں میں داخل ہوں گی، جس کے نتیجے میں تھرپارکر، عمرکوٹ اور میرپور خاص کے بعض مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ہے۔اس کے علاوہ قمبر شہداد کوٹ اور دادو میں بھی آج چند مقامات پر ہلکی بارش ہوسکتی ہے، تاہم صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔کراچی میں آج مطلع جزوی طور پر ابر آلود اور مرطوب رہے گا جبکہ آج اور کل شہر میں زیادہ تر دھوپ کے ساتھ حبس برقرار رہنے کا امکان ہے۔دریائے سندھ میں پانی کی صورتحال کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ سکھر اور کوٹری بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب موجود ہے جبکہ گڈو بیراج کے مقام پر 6 سے 7 ستمبر کے دوران انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔






