اورنگی ٹاؤن میں جوا عام، ایم کیو ایم ایم پی اے کا ڈی جی رینجرز کو خط

ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی سید اعجازالحق نے اپنے حلقے پی ایس 121 اورنگی ٹاؤن میں بڑھتے ہوئے منظم جرائم، خصوصاً جوئے کے اڈوں کے خلاف ڈی جی رینجرز سے مدد طلب کر لی ہے۔ ایم پی اے کی جانب سے ڈی جی رینجرز کو باضابطہ خط ارسال کیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ علاقے میں جوا کھلے عام جاری ہے اور جرائم پیشہ عناصر نے جابجا جوئے کے مراکز قائم کر رکھے ہیں، جہاں شہریوں کو منظم طریقے سے اس لعنت میں دھکیلا جا رہا ہے۔اعجازالحق کے مطابق وہ شہری جو اس غیرقانونی سرگرمی کے خلاف آواز اٹھاتے ہیں انہیں دھمکیاں دی جاتی ہیں، جبکہ مقامی پولیس متعدد شکایات کے باوجود مسلسل خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے۔ انہوں نے خط میں مؤقف اختیار کیا کہ پولیس کی اس مجرمانہ چشم پوشی کے باعث اورنگی ٹاؤن کے عوام شدید خوف اور عدم تحفظ کی کیفیت میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ایم پی اے نے اپنے خط میں ڈی جی رینجرز سے اپیل کی ہے کہ جوئے جیسے آرگنائزڈ کرائم کے خاتمے کے لیے فوری اور مؤثر آپریشن کیا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ علاقے میں رینجرز کی اضافی نفری تعینات کی جائے تاکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف عملی کارروائی ممکن ہو سکے اور شہریوں کو سکون اور تحفظ فراہم کیا جا سکے۔