سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے محکمہ اطلاعات کو ہدایت کی ہے کہ صوبے کے جاری میگا پروجیکٹس، ترقیاتی اسکیموں اور حکومتی کارکردگی کی بروقت اور مؤثر تشہیر یقینی بنائی جائے۔ محکمہ اطلاعات کے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے تمام فلمی اور میڈیا پروجیکٹس جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایات دیں، جبکہ پروڈکشن یونٹس کو جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کرنے اور تکنیکی معیار بہتر بنانے پر بھی زور دیا۔ اجلاس میں فلمی منصوبوں کی پیش رفت، قومی بیانیے کے فروغ، ادارے کی مجموعی حکمت عملی اور تخلیقی مواد کو مؤثر انداز میں پیش کرنے سے متعلق تفصیلی گفتگو کی گئی۔ شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت چاہتی ہے کہ فلم، ڈاکیومنٹری اور دیگر میڈیا کے ذریعے قومی یکجہتی، امن، ترقی اور رواداری کا پیغام زیادہ وسیع پیمانے تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فلم اور میڈیا صوبے کی ثقافت، تاریخ، سماجی مسائل اور عوامی خدمات کو نمایاں انداز میں دنیا کے سامنے لانے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ سینئر وزیر نے نوجوان فلم سازوں اور میڈیا پروفیشنلز کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا، تاکہ نئی تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ ملے اور مثبت بیانیہ مضبوط ہو۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایسے جامع میڈیا پراجیکٹس تیار کیے جائیں جو ٹرانسپورٹ، صحت، تعلیم، توانائی اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری سے متعلق حکومتی اقدامات کو عوام تک مؤثر انداز میں پہنچائیں۔ اجلاس میں ڈی جی اطلاعات معز پیرزادہ، ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ یوسف کابورو، ڈائریکٹر ایڈمن منصور راجپوت، ڈائریکٹر فلمز حزب اللہ میمن اور ڈپٹی ڈائریکٹر سارنگ لطیف چانڈیو نے شرکت کی۔






