صدر میں تجاوزات کے خاتمے کے بعد ایمبولینسوں کے لیے خصوصی لین فعال

شہر قائد کی تاریخ میں پہلی بار ایمبولینسوں کے لیے خصوصی لین فعال کر دی گئی ہے تاکہ ہنگامی حالات میں شہریوں کی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر ضلع جنوبی جاوید نبی کھوسو کے مطابق یہ خصوصی لین صدر کے مصروف تجارتی علاقے مینسفیلڈ اسٹریٹ پر فعال کی گئی ہے۔ تجاوزات کے خاتمے کے بعد ہنگامی راستوں کے لیے پہلی بار یہ لین قائم کی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ عوامی جانوں کی حفاظت ضلع انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اور مستقبل میں ضلع کی دیگر سڑکوں پر بھی ہنگامی حالات کے لیے خصوصی ایمبولینس لینز فعال کی جائیں گی تاکہ ہنگامی خدمات تیز اور مؤثر انداز میں فراہم کی جا سکیں۔ یہ اقدام شہر میں ہنگامی سروسز کی استعداد بڑھانے اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔