شہرِ قائد میں ہیوی گاڑیوں کی ٹکر سے ہلاکتوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ تازہ واقعہ کورنگی انڈس چورنگی کے قریب پیش آیا جہاں تیز رفتار ڈمپر نے ٹریفک اہلکار کے روکنے کے باوجود موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔عینی شاہدین کے مطابق ٹریفک پولیس نے ڈمپر کو رکنے کا اشارہ کیا تھا مگر ڈرائیور انتہائی تیز رفتاری سے موٹر سائیکل کو پیچھے سے ٹکر مار کر فرار ہوگیا۔ واقعے کے بعد مشتعل شہریوں نے ڈمپر کو آگ لگا دی، جس سے لاکھوں روپے کا نقصان ہوا۔پولیس کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت 40 سالہ محمد اقرار ولد محمد اصرار کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ لاش کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ حادثہ جمعرات کی صبح ساڑھے 9 بجے کے قریب پیش آیا۔ٹریفک پولیس کے انچارج اکمل رائے کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ڈرائیور کافی تیز رفتار سے گاڑی چلا رہا تھا، اور تحقیقات جاری ہیں کہ وہ کتنی اسپیڈ سے ڈمپر چلا رہا تھا۔حادثے کے بعد ڈمپر مالکان کا کہنا تھا کہ گاڑی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے زیر استعمال تھی اور اس میں کچرا بھرا ہوا تھا۔ انہوں نے گاڑی جلانے والے افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔دوسری جانب علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ہیوی گاڑیاں شہریوں کے لیے خطرہ بن چکی ہیں، روزانہ حادثات ہو رہے ہیں جبکہ ٹریفک پولیس عام شہریوں پر تو جرمانے عائد کرتی ہے مگر ہیوی ڈرائیورز کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرتی۔






