وفاقی حکومت کا پیٹرول کے بعد مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں میں بھی اضافہ

پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کے بعد وفاقی حکومت نے مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں میں بھی اضافہ کر دیا۔وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 5 روپے 1 پیسہ فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 184 روپے 97 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق آج سے ہوگا۔اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں بھی 2 روپے 8 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، نئی قیمت 165 روپے 50 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ اس سے قبل لائٹ ڈیزل کی قیمت 163 روپے 42 پیسے تھی۔خیال رہے کہ 15 ستمبر کو بھی مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے 15 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد اس وقت قیمت 179 روپے 96 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی۔گزشتہ روز حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا تھا۔ پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 7 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 268 روپے 68 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 4 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد نئی قیمت 276 روپے 81 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔یاد رہے کہ حکومت ہر 15 دن بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا از سر نو تعین کرتی ہے، جس کے باعث شہریوں کو آئے روز مہنگائی کے بوجھ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔