شہر قائد کے علاقے منگھوپیر کے علاقے میں اجتماع گاہ کے قریب پولیس اور مشتبہ افراد کے درمیان مبینہ مقابلے میں دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔جبکہ ایک ملزم فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، گرفتار ملزمان کی شناخت ذیشان اور عامر کے نام سے ہوئی ہے۔ ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق پولیس سرچ آپریشن کے بعد واپس لوٹ رہی تھی کہ اس دوران ملزمان سے آمنا سامنا ہو گیا۔ ملزمان نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں گولیاں پولیس موبائل کو بھی لگیں۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں دو ملزمان زخمی ہو گئے، جنہیں عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے دو پستول، ایک موٹر سائیکل، موبائل فونز اور نقد رقم برآمد کی گئی ہے۔ ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق ملزم کی فائرنگ سے اس کے اپنے دو ساتھی زخمی ہوئے، جبکہ تیسرا ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے۔