شہر قائد کی مرکزی اور مصروف ترین شاہراہ شارع فیصل پر ناتھا خان پل ایک بار پھر بیٹھ گیا، پل پر گڑھا پڑنے کے باعث ایئرپورٹ جانے والی سڑک کا ایک ٹریک متاثر ہو گیا۔ ٹریفک پولیس نے متاثرہ مقام پر رکاوٹیں لگا کر نشاندہی کر دی ہے تاکہ کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی ناتھا خان پل پر گڑھا پڑ گیا تھا جس کے باعث ڈرگ روڈ انڈر بائی پاس سے ایئرپورٹ جانے والا راستہ کئی روز تک جزوی طور پر بند رہا۔ اس دوران شام کے اوقات میں شہریوں کو شدید ٹریفک جام اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر کی سب سے اہم شاہراہ پر بار بار گڑھے پڑنے سے ٹریفک نظام درہم برہم ہو رہا ہے اور حکام کی ناقص منصوبہ بندی اور مرمتی کاموں کی سست رفتاری شہریوں کے لیے مسلسل اذیت کا باعث بن رہی ہے۔






