سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے واضح کیا ہے کہ پاکستان میں نئے صوبے متعلقہ اسمبلیوں کی منظوری کے بغیر نہیں بن سکتے اور جب تک پیپلز پارٹی موجود ہے، سندھ اسمبلی صوبے کی تقسیم کی قرارداد پاس نہیں کرے گی۔جام صادق برج پر یلو لائن بی آر ٹی منصوبے کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے تحت پل کو وقت سے پہلے مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے میں سائیکل اور پیدل چلنے والوں کے لیے خصوصی ٹریک بھی بنایا جا رہا ہے، جبکہ پرانے جام صادق پل کو گرا کر نیا پل تعمیر کیا جائے گا جس سے ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی پر بھی کام تیز کیا جا رہا ہے اور یہ منصوبہ ورلڈ بینک کے تعاون سے مکمل ہوگا۔ اگلے ماہ ڈبل ڈیکر بسیں اور ای وی بسیں شہر میں شامل کی جائیں گی، جبکہ پنک اسکوٹرز بھی مفت فراہم کیے جائیں گے۔شرجیل میمن نے کہا کہ بلاول بھٹو سندھ کے مختلف شہروں کا دورہ کر رہے ہیں اور عوام کو گھروں کی فراہمی کے منصوبے کی نگرانی کر رہے ہیں، جہاں خواتین کو ان گھروں کا مالک بنایا جا رہا ہے، جو دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا ہاؤسنگ منصوبہ ہے۔کابینہ میں ممکنہ ردوبدل پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ وزیراعلیٰ کی صوابدید ہے اور اس میں کوئی برائی نہیں۔