سندھ حکومت کی ترجمان سعدیہ جاوید کا حافظ نعیم پر کڑی تنقید

سندھ حکومت کی ترجمان سعدیہ جاوید نے امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی پریس کانفرنس پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حافظ نعیم پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بارش و اربن فلڈنگ کو قدرتی آفت قرار دیتے ہیں لیکن سندھ میں اُسی صورتحال کو انتظامیہ کی ناکامی سے جوڑتے ہیں، جو ان کے تعصب کو ظاہر کرتا ہے۔سعدیہ جاوید نے کہا کہ حافظ نعیم کی پریس کانفرنس ’’چور مچائے شور‘‘ کی بہترین مثال ہے۔ جماعتِ اسلامی کا اصل چہرہ عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ڈکٹیٹر کا وکیل بننے والے آج جمہوریت پر لیکچر دے رہے ہیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ حافظ نعیم کے ترقیاتی فنڈز میں خورد برد کی مثال الطاف بریلوی روڈ ہے، جو ان کے اپنے کنٹریکٹر کے ذریعے کرپشن کی نذر ہوگیا۔ سعدیہ جاوید کے مطابق ناظم آباد، لیاقت آباد اور گلبرگ کی ابتر صورتحال دیکھ کر ہی شاید حافظ نعیم نے پریس کانفرنس کی۔