کراچی کے ساحلی مقام “دو دریا” پر پیش آنے والے دل دہلا دینے والے واقعے میں ڈوبنے والے تینوں افراد کی لاشیں نکال لی گئیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق، سمندر میں چھلانگ لگانے والے شخص کی لاش بھی برآمد کرلی گئی ہے، جب کہ گزشتہ روز دو بچوں کی لاشیں نکالی جا چکی تھیں۔ واقعہ دو روز قبل اس وقت پیش آیا جب اورنگزیب عالم نامی شخص نے مبینہ طور پر دو کم سن بچوں کو سمندر میں پھینکا اور بعدازاں خود بھی گہرے پانی میں چھلانگ لگا دی۔ عینی شاہدین کے مطابق، مذکورہ شخص نشے کا عادی لگ رہا تھا اور واقعے کے وقت اس کی حرکات غیر معمولی تھیں۔ موجود افراد نے بچوں اور اس شخص کو بچانے کی کوشش کی لیکن پانی کی تیز موجوں کے باعث کامیاب نہ ہو سکے۔ ریسکیو ٹیموں نے مسلسل سرچ آپریشن کے بعد آج تیسرے شخص کی لاش بھی سمندر سے نکال لی۔ واقعے نے شہریوں میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے اور سیکیورٹی اقدامات پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ پولیس اور ریسکیو حکام واقعے کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ اس افسوسناک سانحے کی اصل وجوہات سامنے آ سکیں۔






