عید قرباں کی آمد میں صرف پندرہ روز باقی رہ گئے ہیں اور کراچی کی نادرن بائی پاس پر قائم مویشی دوست منڈی مکمل طور پر آباد ہو چکی ہے۔ منڈی میں جانوروں کی تعداد 90 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ ملک کے مختلف شہروں، دیہاتوں اور قصبوں سے جانوروں کی آمد کا سلسلہ بھی مسلسل جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق اونٹ، بیل، بکرے، گائیں اور بچھڑوں سمیت ہر قسم کے قربانی کے جانور شہریوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ خرید و فروخت کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے اور شہری گھنٹوں منڈی کی سیر کے بعد اپنی پسند کے جانور خرید کر گھر لے جا رہے ہیں۔ منڈی میں رات گئے تک میلے کا سماں رہتا ہے۔ فیملیز اور بچے نہ صرف جانوروں کو دیکھنے آ رہے ہیں بلکہ خوبصورت جانوروں کے ساتھ سیلفیاں لینے کا شوق بھی پورا کر رہے ہیں۔ منڈی کے فوڈ اسٹریٹ ایریا میں مختلف اقسام کے کھانوں کی دستیابی نے خریداروں اور سیاحوں کو مزید متوجہ کر رکھا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق مویشی دوست منڈی 1200 ایکڑ پر محیط ہے، جہاں 3 سے 4 لاکھ جانوروں کو رکھنے کی گنجائش موجود ہے۔ عمومی بلاکس میں مناسب قیمتوں پر جانوروں کی فروخت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس سے متوسط طبقے کے خریداروں کو خاصی سہولت ملی ہے۔ عید قرباں کے قریب آتے ہی منڈی کی رونقیں عروج پر پہنچ گئی ہیں اور توقع کی جا رہی ہے کہ آئندہ دنوں میں خریداروں کا رش مزید بڑھے گا۔






