سندھ کے وزیرِ ایکسائز مکیش کمار چاؤلہ نے گاڑیوں کی کمپیوٹرائزڈ نمبر پلیٹس کے حوالے سے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کو اب 14 اگست 2025 تک مہلت دی جا رہی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں پر نئی کمپیوٹرائزڈ نمبر پلیٹس حاصل کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس تاریخ تک پرانی نمبر پلیٹس پر کسی قسم کا چالان نہیں کیا جائے گا، تاہم مہلت ختم ہونے کے بعد قانون پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔ مکیش کمار چاؤلہ کا کہنا تھا کہ سندھ بھر کے عوام اپنی گاڑیاں فوری طور پر اپنے نام پر ٹرانسفر کروا لیں اور قانونی طور پر جاری کردہ نمبر پلیٹس حاصل کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اوپن لیٹرز پر گاڑیاں یا موٹر سائیکلیں رکھنا ایک قابلِ گرفت جرم ہے، جس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے مزید بتایا کہ اب تک 12 لاکھ سے زائد موٹر سائیکلوں اور 20 لاکھ گاڑیوں کو نئی کمپیوٹرائزڈ نمبر پلیٹس جاری کی جا چکی ہیں۔ ان کے مطابق یہ جدید نظام نہ صرف گاڑیوں کی شناخت اور رجسٹریشن کے عمل کو مؤثر بنائے گا بلکہ جعلی نمبر پلیٹس، گاڑی چوری اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر قابو پانے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔






