کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر پٹاخے کے گودام میں دھماکے اور آگ لگنے سے ہلاکتوں کی تعداد 5 تک پہنچ گئی۔ جمعرات کی شام پیش آنے والے واقعے کے بعد امدادی ٹیموں نے متاثرہ عمارت کے ملبے سے مزید ایک لاش نکالی، جس کی شناخت 45 سالہ شہزاد کے نام سے ہوئی ہے۔دھماکے اور آگ بجھانے کے لیے 12 سے زائد فائر ٹینڈرز روانہ کیے گئے، جبکہ پولیس، رینجرز اور ایس ایس یو کمانڈوز نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا اور عمارت کی چھت پر پھنسے افراد کو بحفاظت نکالا۔ترجمان سندھ پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ پریڈی تھانے میں سرکار کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے، جس میں قتل بالسبب، دھماکا خیز مواد، آتش گیر مادے اور غفلت برتنے کی دفعات شامل ہیں۔مقدمے میں گودام مالک حنیف اور ایوب کو نامزد کیا گیا ہے۔ ملزم حنیف زخمی حالت میں اسپتال میں زیر علاج ہے جبکہ دوسرا ملزم ایوب فرار ہے۔






