ڈاؤ یونیورسٹی کے زیرِ انتظام اوجھا کیمپس میں پاکستان کا پہلا مفت پلمونری ری ہیب سینٹر قائم کردیا گیا۔ افتتاح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نازلی حسین نے اوجھا انسٹی ٹیوٹ آف چیسٹ ڈیزیز میں کیا۔ یہ مرکز ’ڈاکٹر سید عاشق حسین ری ہیب لی ٹیشن سینٹر‘ کے نام سے قائم کیا گیا ہے جو اوجھا انسٹی ٹیوٹ آف چیسٹ ڈیزیز کے سابق سربراہ کی یاد میں منسوب ہے۔ پاکستان میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا مفت سینٹر ہے جہاں امراضِ سینہ کے مریضوں کو بحالی کی جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے آئی وی ڈائی لیوشن سینٹر کا بھی افتتاح کیا۔ تقریب میں اوجھا انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر پروفیسر افتخار احمد، ڈاکٹر مرتضیٰ سوہو، ڈاکٹر نیاز سومرو، ڈاکٹر فیصل اسد، ڈاکٹر فیصل فیاض زبیری اور دیگر موجود تھے۔ پروفیسر نازلی حسین کا کہنا تھا کہ ڈاؤ یونیورسٹی کا مقصد مریضوں کو بہترین طبی سہولتیں مفت فراہم کرنا ہے، نئے مراکز اسی سمت میں اہم پیش رفت ہیں۔ پروفیسر افتخار احمد نے کہا کہ اوجھا انسٹی ٹیوٹ آف چیسٹ ڈیزیز امراضِ سینہ کے مریضوں کو تشخیص، علاج اور ادویات سمیت تمام سہولتیں مفت فراہم کرتا ہے، یہاں ٹی بی کے مریضوں کے لیے آئی سی کی سہولت بھی دستیاب ہے جو ملک میں کہیں اور موجود نہیں۔