کراچی میں دو مختلف ٹریفک حادثات، دو افراد جاں بحق، ایک زخمی

شہر قائد میں تیز رفتار گاڑیوں نے دو مختلف مقامات پر انسانی جانیں نگل لیں۔ افسوسناک حادثات کے نتیجے میں دو افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ ایک زخمی اسپتال میں زیرِ علاج ہے۔پہلا حادثہ شارع فیصل پر وائرلیس گیٹ کے قریب پیش آیا، جہاں ایک تیز رفتار کار نے پولیس اہلکار اے ایس آئی عبدالواحد کو کچل دیا۔ عبدالواحد سی ٹی ڈی سول لائن تھانے میں تعینات تھے۔ جاں بحق اہلکار کا تعلق محمود آباد سے تھا اور وہ چار بچوں کے والد تھے۔ ان کی میت کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔دوسرا سانحہ ناردرن بائی پاس سپر ہائی وے پر پیش آیا، جہاں ایک تیز رفتار ٹرک اور ڈاٹسن میں خوفناک تصادم ہوا۔ حادثے میں ڈاٹسن سوار خادم حسین موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ ان کے ساتھی وزیر شدید زخمی ہو گئے۔ زخمی کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔