شہر قائد میں تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش کے باعث کراچی ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہوگیا ہے۔ اندرون و بیرون ملک جانے والی درجنوں پروازیں تاخیر کا شکار ہیں جبکہ ایک پرواز منسوخ کر دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق اب تک 12 سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہو چکی ہیں۔ عراقی ایئر کی نجف جانے والی پرواز ایک گھنٹہ تاخیر کے بعد صبح 6 بجے روانہ ہوئی جبکہ ایئربلیو کی جدہ جانے والی پرواز سات گھنٹے تاخیر کے بعد صبح 10 بجے اڑی۔ اسی طرح قطر ایئر کی دوحہ، فلائی دبئی کی دبئی، اتحاد ایئر کی ابو ظہبی، فلائی آڈیل کی ریاض اور سعودی ایئر کی جدہ جانے والی پروازیں بھی ایک سے ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر سے روانہ ہوئیں۔ اندرون ملک پروازوں میں بھی تاخیر دیکھی جا رہی ہے۔ پی آئی اے کی اسکردو اور اسلام آباد جانے والی پروازیں، جبکہ سیرین ایئر کی لاہور جانے والی پرواز بھی شیڈول سے تاخیر سے روانہ ہوئیں۔ دوسری جانب ایئر سیال کی اسلام آباد جانے والی پرواز صبح 7 بجے روانہ ہونا تھی مگر تاحال اڑان نہ بھر سکی، جبکہ پی آئی اے کی گوادر جانے والی پرواز مکمل طور پر منسوخ کر دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق بارش کے باعث شہر کے مختلف علاقوں سے مسافروں اور عملے کو ایئرپورٹ پہنچنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ کاک پٹ اور کیبن عملے کی عدم دستیابی کے ساتھ ساتھ مسافروں کی کم تعداد بھی پروازوں میں تاخیر کی بڑی وجہ بنی ہے۔






