کراچی میں موسم کی خرابی اور انتظامی مسائل کے سبب پروازیں تاخیر کا شکار

موسم کی خرابی اور انتظامی مسائل کے باعث شہر قائد سے آنے اور جانے والی پروازوں کا شیڈول شدید متاثر ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی اور اسلام آباد کے درمیان آپریٹ ہونے والی 5 پروازوں میں 1 سے 9 گھنٹے کی تاخیر ریکارڈ کی گئی، جبکہ سکھر سے کراچی آنے والی پی کے 636 اور کراچی سے تربت جانے والی پی آئی اے کی پروازیں پی کے 501 اور 502 منسوخ کر دی گئیں۔نجی ملکی ایئرلائن کی اسلام آباد سے کراچی پروازوں میں 6 سے 7 گھنٹے جبکہ پی آئی اے کی پروازوں پی کے 300 اور 301 میں ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر ہوئی۔ اسی طرح کراچی لاہور روٹ پر نجی ایئرلائن کی 4 پروازوں میں ایک سے 4 گھنٹے کی تاخیر ریکارڈ کی گئی۔ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں مطلع ابرآلود رہے گا اور کہیں کہیں بوندا باندی یا ہلکی بارش کا امکان ہے۔ شمال مشرق سے 22 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ درجہ حرارت اس وقت 31 ڈگری اور ہوا میں نمی کا تناسب 69 فیصد ہے۔آج کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔