گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے شہر کے بارش سے متاثرہ مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرہ شہریوں سے ملاقات کی۔ترجمان گورنر ہاؤس کے مطابق گورنر سندھ اور ڈاکٹر فاروق ستار نے ایم اے جناح روڈ، صدر، گرومندر، گلبہار، بورڈ آفس، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، حیدری، کے ڈی اے، فائیو اسٹار، نیو کراچی، ناگن چورنگی، پاور ہاؤس چورنگی اور سرجانی سمیت کئی علاقوں کا جائزہ لیا۔اس موقع پر گورنر سندھ نے بارش سے متاثرہ شہریوں میں پکا ہوا کھانا اور منرل واٹر تقسیم کیا، جبکہ موقع پر موجود افراد کے مسائل بھی سنے۔کامران خان ٹیسوری نے شہریوں کو یقین دلایا کہ حکومت عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں ریلیف سرگرمیوں کو مزید تیز کیا جائے تاکہ شہریوں کو فوری سہولت پہنچائی جا سکے۔






