کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس میں کمسن گھریلو ملازمہ پر بدترین تشدد کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے۔ 12 سالہ زینب کو مالکان کی جانب سے مسلسل مارپیٹ اور استری سے جلانے کے باعث شدید زخمی حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹرز نے اس کی حالت کو تشویشناک قرار دیا ہے۔پولیس کے مطابق پی ای سی ایچ ایس بلاک ٹو کے ایک فلیٹ میں مقیم میاں بیوی نے گھریلو ملازمہ کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا، جس پر دونوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ واقعے کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق جھگڑا اس وقت شروع ہوا جب بچی سے مالکن کا دوپٹہ استری کرتے ہوئے جل گیا، جس پر مالکن نے شدید غصے میں آکر اسے مارنا پیٹنا شروع کردیا۔ بعدازاں متاثرہ بچی کی حالت خراب ہونے پر مالکن نے اس کی والدہ کو فون کرکے اطلاع دی کہ بیٹی کی طبیعت بگڑ گئی ہے اور اسے واپس لے جائیں۔اہل خانہ کے مطابق زینب نے بتایا کہ مالکن اور اس کے شوہر نے اسے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا اور استری سے جلا ڈالا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر اہل خانہ نے پولیس کو شکایت درج کروائی، جس پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بچی کے بیانات قلمبند کر لیے گئے ہیں اور ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔






