غیر قانونی اسلحہ کیس، کامران قریشی کی ضمانت منسوخی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

کراچی کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ساؤتھ کی عدالت نے غیر قانونی اسلحہ کیس میں ارمغان کے والد کامران قریشی کی ضمانت منسوخی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا، جو 13 ستمبر کو سنائے جانے کا امکان ہے۔سماعت کے دوران پراسیکیوٹر عبدالرزاق گجر نے مؤقف اختیار کیا کہ کامران قریشی نے عدالت کو گمراہ کرکے ضمانت حاصل کی، جس کے بعد افسران بالا ناراض ہیں۔ اس پر عدالت نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ “اچھا تو آپ کے افسران بالا ہم سے ناراض ہیں؟”۔ پراسیکیوٹر نے کہا کہ افسران بالا کو سمجھا دیا ہے کہ غلطی انسان سے ہی ہوتی ہے۔ اس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ “آپ کے سمجھانے سے افسران بالا کو یقین ہوگیا کہ عدالت سے غلطی ہوئی ہے؟”پراسیکیوٹر نے مزید کہا کہ ملزم کو ضمانت ملنے سے فائدہ ہوسکتا ہے اور اس کے دیگر مقدمات بھی متاثر ہوسکتے ہیں، لہٰذا ضمانت منسوخ کی جائے۔وکیل صفائی خرم عباس ایڈووکیٹ نے مؤقف اپنایا کہ ملزم کے خلاف مقدمہ جھوٹا ہے اور اسے میرٹ پر ضمانت دی گئی ہے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد کہا کہ درخواست پر میرٹ کی بنیاد پر فیصلہ سنایا جائے گا۔