سندھ کے سینئر وزیر و صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ “معرکۂ حق” میں پاکستانی مسلح افواج نے بھارت کو بدترین شکست دے کر تاریخ رقم کی، اور آج پوری قوم اس فتح کی خوشی میں جشن منا رہی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے بتایا کہ جشنِ آزادی کے سلسلے میں کل حیدرآباد میں حکومتِ سندھ اور عارف حبیب گروپ کے تعاون سے ایک شاندار اور تاریخی پروگرام منعقد ہوا، جس پر محکمۂ ثقافت، عارف حبیب گروپ اور آرٹس کونسل کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ جشنِ آزادی کی تقریبات ملک بھر میں جوش و خروش سے جاری ہیں۔ آج ایکسپو سینٹر کراچی میں پاکستان کا ایک بڑا مشاعرہ منعقد کیا جا رہا ہے، کل سکھر میں بھی تاریخی تقریب ہو گی، جبکہ 13 اگست کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم پہلی مرتبہ جشنِ آزادی کو طویل تقریبات کے ساتھ منا رہی ہے، اور یہ خوشی اس تاریخی کامیابی کی یاد دلاتی ہے جو معرکۂ حق میں حاصل ہوئی۔






