کراچی کے سا حل پرخودکشی کرنے والے شخص کی ابتدائی معلومات سامنے آگئی

کراچی کے ساحل سی ویو پر پیش آنے والا دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آ گیا، جہاں ایک باپ نے گھریلو تنازعات سے تنگ آ کر اپنے دو معصوم بچوں سمیت سمندر میں چھلانگ لگا دی۔ پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق خودکشی کرنے والا شخص اورنگزیب عالم نامی اسکول ٹیچر تھا، جو اورنگی ٹاؤن ساڑھے 8 نمبر کا رہائشی اور عامر پبلک اسکول میں تدریسی فرائض انجام دے رہا تھا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اورنگزیب کی اپنی اہلیہ سے شدید گھریلو ناچاقیاں چل رہی تھیں، جو مبینہ طور پر اس انتہائی اقدام کا سبب بنیں۔ گزشتہ روز وہ اپنے بیٹے اور بیٹی کو لے کر دو دریا کے مقام پر پہنچا اور تینوں نے سمندر میں چھلانگ لگا دی۔ ریسکیو اداروں نے فوری امدادی کارروائی شروع کی، جس کے دوران ایک بچے کی لاش نکال لی گئی۔ دیگر دو افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن رات اندھیرے کے باعث روک دیا گیا تھا، تاہم صبح ہوتے ہی ایک بار پھر غوطہ خوروں اور جدید سونار ٹیکنالوجی کی مدد سے سرچ آپریشن جاری ہے۔ پولیس واقعے کی تحقیقات میں مصروف ہے اور ابتدائی طور پر اس افسوسناک سانحے کی وجہ گھریلو جھگڑے بتائے جا رہے ہیں۔ یہ واقعہ معاشرے میں بڑھتے ہوئے ذہنی دباؤ، خاندانی تنازعات اور ذہنی صحت کی بگڑتی صورتحال کی سنگینی کی جانب واضح اشارہ کرتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ایسے مسائل پر بروقت توجہ دی جائے تاکہ قیمتی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔