شہر قائد میں پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشنز کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں۔ تین الگ الگ مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 3 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے، جبکہ اسلحہ، نقدی، موبائل فونز اور موٹر سائیکلیں برآمد کر لی گئیں۔پہلا واقعہ نارتھ کراچی جمعرات بازار کے قریب پیش آیا، جہاں اجمیر نگری پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد عبدالہادی نامی ڈاکو کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے پستول، نقد رقم، موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزم کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔دوسری کارروائی سکھن کے علاقے بھینس کالونی ریلوے پھاٹک کے قریب ہوئی، جہاں مبینہ مقابلے کے دوران علی گل نامی ملزم زخمی حالت میں گرفتار ہوا۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم کے قبضے سے اسلحہ، کیش اور موٹر سائیکل برآمد کر کے اسلحہ فرانزک تجزیے کے لیے بھیج دیا گیا ہے تاکہ ماضی کی وارداتوں کی جانچ کی جا سکے۔تیسری کارروائی کورنگی ساڑھے پانچ لنک روڈ پر کی گئی، جہاں پولیس نے لیاقت نامی ڈاکو کو مبینہ مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کیا۔ زخمی ملزم کو بھی فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ترجمان کراچی پولیس کے مطابق شہر بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی بھی ملزم کو قانون سے بالاتر نہیں ہونے دیا جائے گا۔






