ملیر ندی میں طغیانی کے بعد کورنگی کازوے بند، ٹریفک جام صادق پل پر منتقل

کراچی میں حالیہ بارشوں کے بعد ملیر ندی میں طغیانی کے باعث بہہ جانے والی کورنگی کازوے کی سڑک سے پانی تو اتر گیا، تاہم مختلف مقامات پر شدید ٹوٹ پھوٹ کے باعث یہ اہم شاہراہ بدستور ٹریفک کے لیے بند ہے۔ٹریفک پولیس کے مطابق کازوے کی سڑک بری طرح متاثر ہوئی ہے اور مرمت مکمل ہونے تک اسے کھولنا ممکن نہیں۔ اس بندش کے باعث کورنگی سے شہر کی جانب آنے والا ٹریفک متبادل راستے یعنی جام صادق پل کی طرف موڑا جا رہا ہے، جہاں ٹریفک کا دباؤ نمایاں طور پر بڑھ گیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ سڑک موجودہ حالت میں آمد و رفت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے، لہٰذا مرمتی کام مکمل ہونے تک اسے احتیاطاً بند رکھا جائے گا۔اسی طرح کورنگی گودام چورنگی سے آنے والی گاڑیوں کو بھی متبادل راستوں کی طرف بھیجا جا رہا ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ٹریفک اپ ڈیٹس پر عمل کریں تاکہ مشکلات سے بچا جا سکے۔