ایف آئی اے کی بڑی کارروائی، 3 ملزمان گرفتار، کروڑوں روپے برآمد

ایف آئی اے کراچی زون نے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کی ہدایت پر حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق اسٹیٹ بینک سرکل اور کمرشل بینکنگ سرکل کی ٹیموں نے صدر اور آرم باغ کے علاقوں میں چھاپے مارے جن کے دوران ملزمان وقاص چندا، سجاد حسین اور عثمان آفریدی کو حراست میں لیا گیا۔کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 4 کروڑ 35 لاکھ روپے اور 2 ہزار سعودی ریال برآمد ہوئے۔ اس کے علاوہ موبائل فونز، غیر قانونی کرنسی ایکسچینج سے متعلق دستاویزات اور دیگر اہم شواہد بھی تحویل میں لے لیے گئے۔ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار ملزمان طویل عرصے سے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے کاروبار میں ملوث تھے اور برآمد شدہ کرنسی کے بارے میں حکام کو مطمئن کرنے میں ناکام رہے۔ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے کا سلسلہ جاری ہے۔