پاکستان مرکزی مسلم لیگ کراچی کے زیر اہتمام شہر کے مقامی ہال میں روزگار سہولت پروگرام کے نویں مرحلے کی پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں چار سو سے زائد مستحق خاندانوں کو موٹر سائیکلیں، لوڈر رکشے، لیپ ٹاپس، جوکی مشینیں، فوڈ اسٹالز اور دیگر سامان فراہم کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی مسلم لیگ سندھ کے صدر فیصل ندیم نے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری کے سبب لاکھوں گھرانے فاقہ کشی پر مجبور ہیں۔ مرکزی مسلم لیگ خدمت کی سیاست کے عزم کے ساتھ عوام کو سہارا دینے کیلئے میدان عمل میں پہلے دن سے موجودہیں۔ الحمد اللہ ہم روزگار سہولت پروگرام کے گزشتہ آٹھ مراحل میں ہزاروں خاندانوں کو باعزت روزگار فراہم کرچکےہیں ۔ اور اس مشن کو مزید وسعت دی جارہی ہے۔اس سلسلے کی 10وہں مرحلے کی تقریب بہت جلد حیدرآباد میں منعقد کی جائے گی ۔نویں مرحلے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی مسلم لیگ کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ناقص اور غیر سنجیدہ معاشی پالیسیوں نے عوام کو مہنگائی، بے روزگاری اور بدحالی کے گہرے دلدل میں دھکیل دیا ہے۔ ہر نیا کاروبار شروع ہونے سے پہلے ہی حکومتی پالیسیوں کی نذر ہو جاتا ہے، جس سے نوجوانوں کی امیدیں دم توڑ رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے مشکل حالات میں مرکزی مسلم لیگ عوامی خدمت کو اپنا مشن سمجھتی ہے اور روزگار سہولت پروگرام اسی مشن کا روشن اور عملی نمونہ ہے، جس کے ذریعے ہم بے سہارا افراد کو باعزت روزگار فراہم کر کے خود کفالت کی جانب گامزن کر رہے ہیں۔روزگار سہولت پروگرام کے ڈائریکٹر انجینئر نعمان علی نے کہا کہ ہمارا مقصد صرف روزگار دینا نہیں بلکہ لوگوں کو معاشی طور پر خود کفیل بنانا ہے تاکہ وہ مستقل بنیادوں پر اپنے گھر کا خرچ چلا سکیں۔ خواتین کو بھی روزگار کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ معاشرے میں باعزت مقام حاصل کر سکیں۔تقریب میں کراچی کے نائب صدر شہباز عبدالجبار، جوائنٹ سیکریٹری فیصل علی بلوچ، فنانس سیکریٹری محبوب علی، انجینئر خضر اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 8مرحلوں میں فائدہ اٹھانے والے ہزاروں افراد آج خود کفیل ہو چکے ہیں اور بہتر انداز میں اپنے اہل خانہ کی کفالت کر رہے ہیں۔ خواتین کو باعزت روزگار کی فراہمی بھی پروگرام کا اہم حصہ ہے تاکہ وہ معاشی طور پر خود مختار ہو سکیں۔تقریب میں روزگار حاصل کرنے والے افراد سمیت مختلف سماجی شخصیات نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی اور مرکزی مسلم لیگ کی اس کاوش کو سراہا۔






