اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ایک منظم اور فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے میتھ ایمفیٹامائن (آئس) کے بین الاقوامی اسمگلنگ نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا۔ مختلف چھاپوں کے دوران 109.24 کلوگرام آئس برآمد کر لی گئی جس کی مالیت عالمی منڈی میں 15 کروڑ 35 لاکھ 70 ہزار امریکی ڈالرز سے زائد ہے۔ترجمان اے این ایف کے مطابق مستند خفیہ اطلاع پر کراچی کے علاقے صائمہ جناح ایونیو کے قریب ایک گاڑی کو روک کر تلاشی لی گئی جس دوران 11.200 کلوگرام آئس برآمد ہوئی اور دو غیرملکیوں سمیت تین ملزمان گرفتار ہوئے۔گرفتار افراد کی نشاندہی پر صائمہ جناح ایونیو کے ایک فلیٹ پر چھاپہ مارا گیا، جہاں سے آئس بنانے میں استعمال ہونے والے کیمیکلز اور منشیات چھپانے کے جدید طریقے برآمد ہوئے۔ مزید تفتیش پر کراچی کے علاقے شاہ لطیف کالونی میں واقع ایک گودام پر کارروائی کی گئی جہاں سے 86.040 کلوگرام آئس ملی، جب کہ کپڑوں میں جذب شدہ 12 کلوگرام آئس بھی ضبط کی گئی۔کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 9 ایم ایم پستول، میگزین اور 13 گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔ ترجمان نے بتایا کہ یہ کامیابی اے این ایف کی مربوط حکمت عملی اور مؤثر انٹیلی جنس پر مبنی اقدامات کا نتیجہ ہے۔اُن کے مطابق پاکستان کو سینتھیٹک ڈرگز سے پاک کرنے کے لیے سخت آپریشنز جاری ہیں، جبکہ ساتھ ہی ایک خصوصی آگاہی مہم بھی چلائی جا رہی ہے تاکہ نوجوان نسل کو آئس کے بڑھتے ہوئے استعمال اور اس کے صحت و معاشرے پر تباہ کن اثرات سے بچایا جا سکے۔ ملک بھر کی جامعات میں سیمینارز منعقد کیے جا رہے ہیں تاکہ طلبہ کو اس خطرناک رجحان کے نقصانات سے آگاہ کیا جا سکے۔






