انٹرپول کی مدد سے ماسی گینگ کا سرغنہ عمران سعودی عرب سے گرفتار

کراچی پولیس کی درخواست پر انٹرپول نے کارروائی کرتے ہوئے ماسی گینگ کے سرغنہ عمران کو سعودی عرب سے گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق ملزم عمران کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں ماسیوں پر مشتمل چوری کے گینگ کو منظم انداز میں چلا رہا تھا۔ گینگ کی خواتین گھروں میں کام کے دوران سونا، نقدی اور قیمتی سامان چوری کرتی تھیں۔ذرائع کے مطابق انٹرپول نے عمران کو گرفتار کر کے پاکستانی حکام کے حوالے کیا، جسے آج ملیر کورٹ میں پیش کرکے ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ عمران گینگ کی خواتین کو ٹرانسپورٹ سروس اور دیگر سہولتیں فراہم کرتا تھا۔ اس کی ساتھی خواتین درخشاں اور اسٹیل ٹاؤن میں متعدد وارداتوں میں ملوث رہی ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم چوری کے پیسوں سے آزاد ویزہ حاصل کرکے سعودی عرب فرار ہوا تھا، جبکہ گینگ کی دو خواتین ساتھی پہلے ہی گرفتار کی جا چکی ہیں۔مزید یہ کہ ماسی گینگ نے درخشاں میں ایک سیاسی رہنما کے گھر میں بھی چوری کی تھی۔