شہر قائد کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں 17 سالہ نوجوان کی پھندا لگی لاش برآمد ہوئی۔ اہل خانہ نے واقعے کو خودکشی نہیں بلکہ قتل قرار دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق واقعہ 14 اکتوبر کو پیش آیا۔ پولیس کے مطابق متوفی نوجوان رستم گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے مذکورہ مکان میں ملازمت کر رہا تھا۔ابتدائی اطلاع کے مطابق رستم کی لاش گھر کے ایک کمرے سے پھندا لگی حالت میں ملی۔اہل خانہ نے خودکشی کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ رستم کو تشدد کے بعد قتل کیا گیا۔
رستم کے بھائی نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ان کا تعلق تھرپارکر سے ہے اور رستم روزگار کے سلسلے میں کراچی آیا تھا۔اہل خانہ نے حکومتِ سندھ اور پولیس حکام سے واقعے کی شفاف تحقیقات اور انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے گھر کے مالک کو حراست میں لے لیا ہے، جبکہ حکام کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی واقعے کی اصل نوعیت کا تعین کیا جا سکے گا۔






