کراچی میں 18 اگست سے مون سون بارشوں کی پیشگوئی

شہرِ قائد میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ 18 اگست کی شب داخل ہونے کا امکان ہے، جو ابتدائی طور پر ہلکی تا معتدل بارش کا سبب بنے گا، تاہم 20 اور 21 اگست کو گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں شہر کے مختلف علاقوں میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بھارتی ریاست راجستھان پر موجود سائیکلونک سرکولیشن کا اثر 18 اگست کی شام یا رات کراچی میں داخل ہوگا، جس کے بعد شہر میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ ترجمان محکمہ موسمیات انجم نذیر ضیغم نے ایکسپریس نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ مذکورہ سسٹم دیہی سندھ، خصوصاً تھرپارکر اور عمرکوٹ میں بارشیں برسا رہا ہے، اور اب اس کے اثرات کراچی سمیت ساحلی علاقوں میں محسوس کیے جائیں گے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ 20 اور 21 اگست کو کراچی میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کے 2 سے 3 اسپیل متوقع ہیں، جس کے باعث شہر کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ بڑھ جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ فی الحال بارش کی شدت ملی میٹر میں واضح کرنا ممکن نہیں، تاہم سسٹم کی نوعیت دیکھتے ہوئے تیز بارشوں کا امکان رد نہیں کیا جا سکتا۔ ادھر غیرسرکاری موسمیاتی ادارے Weather.pk کے مطابق، راجستھان اور کچ کے علاقوں میں موجود سائیکلونک سرکولیشن جنوب مغرب کی طرف بڑھ رہا ہے، جو پاکستان کے جنوبی علاقوں میں مون سون ہواؤں کو کھینچ رہا ہے۔ اس کے باعث کراچی میں سمندری ہواؤں کی شدت کم ہو رہی ہے، جبکہ نچلی سطح کے بادل بننے کی توقع ہے۔ ماہرین کے مطابق، 20 اگست کو شہر میں بارش کے متعدد اسپیل متوقع ہیں، جن میں سے بعض تیز اور موسلادھار ہو سکتے ہیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ممکنہ بارشوں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور بلدیاتی ادارے نکاسی آب کے موثر انتظامات یقینی بنائیں۔