نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کے مالی سال 2024 تا 2030 کے ملٹی ایئر ٹیرف (MYT) سے متعلق نظرِثانی کی درخواستوں پر فیصلہ جاری کر دیا۔ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق، نیپرا نے اوسط ٹیرف 39.97 روپے فی یونٹ سے کم کر کے 32.37 روپے فی یونٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ ٹیرف کے الیکٹرک کے جنریشن، ٹرانسمیشن، ڈسٹری بیوشن اور سپلائی بزنس کے مختلف پہلوؤں پر اثر انداز ہوگا۔نیپرا نے رائٹ آف کلیمز سے متعلق اپنا سابقہ فیصلہ برقرار رکھا ہے، تاہم دیگر معاملات میں کی گئی نمایاں تبدیلیوں کو کے الیکٹرک نے غیر پائیدار قرار دیا ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ ان تبدیلیوں کے اثرات تمام اسٹیک ہولڈرز، بالخصوص صارفین تک پہنچیں گے۔کے الیکٹرک نے اعلان کیا ہے کہ وہ نیپرا کے فیصلے کا تفصیلی جائزہ لے رہی ہے اور قانونی و ریگولیٹری فریم ورک کے مطابق آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گی۔






